آزاد کشمیر میں حکومت سازی، ن لیگ کا اہم مشاورتی اجلاس 15 اگست کو مری میں طلب


نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم، اسپیکر سمیت اہم عہدوں پر مشاورت متوقع
اسلام آباد/مری: آزاد جموں و کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سرگرمیاں تیز ہوگئیں۔ پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف نے 15 اگست کو دن 11 بجے گورنر ہاؤس مری میں اہم پارٹی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب اراکین اسمبلی اور پارٹی کی سینئر قیادت شریک ہوگی، جہاں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت دیگر اہم عہدوں کے لیے امیدواروں کے ناموں پر غور کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے بھی پارٹی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آنے کے بعد اب حکومت سازی کا عمل جلد مکمل کرنا چاہتی ہے۔ 15 اگست کا مری اجلاس اس حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے اور امکان ہے کہ اس مشاورت کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت اہم عہدوں کے لیے پارٹی امیدواروں کے نام حتمی شکل اختیار کر جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے