مسلم لیگ (ن) حکومت سازی کے لیے تیار، اگلے ہفتے اسمبلی اجلاس متوقع
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہونے کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کا عمل آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) 24 براہِ راست نشستیں حاصل کرنے کے بعد ایوان کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے، جبکہ مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بعد ن لیگ کی مجموعی تعداد 30 تک پہنچنے کا امکان ہے۔
انتخابی فارمولے کے تحت مسلم لیگ (ن) کو خواتین کی تین مخصوص نشستیں ملنے کی توقع ہے، جبکہ اوورسیز، ٹیکنوکریٹ اور علماء و مشائخ کی مخصوص نشستوں میں سے بھی ایک ایک نشست ن لیگ کے حصے میں آنے کا امکان ہے۔ اس طرح چھ مخصوص نشستیں ملنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی قوت 30 ارکان تک پہنچ جائے گی۔
نئی قانون ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس اگلے ہفتے بلائے جانے کا امکان ہے، جس میں نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے، جبکہ مخصوص نشستوں پر انتخابی عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔
اسمبلی کی تشکیل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے انتخاب کا مرحلہ آئے گا، جس کے بعد وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا انتخاب بھی متوقع ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ تمام آئینی و پارلیمانی مراحل اگلے ہفتے ہی مکمل کر لیے جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی متوقع 30 نشستوں کے ساتھ نئی حکومت کی تشکیل تقریباً یقینی دکھائی دے رہی ہے، تاہم اب سیاسی حلقوں کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ جماعت کی قیادت وزارتِ عظمیٰ، اسپیکر شپ اور دیگر اہم آئینی عہدوں کے لیے کن ناموں کو حتمی شکل دیتی ہے۔