بھارت فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستان کو دہشت گرد ثابت کرنے میں بری طرح ناکام ہوا،وزیراعظم آزاد کشمیر
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بھارت کی سازشوں کے خلاف سرخرو کیا اور ایک سال قبل ہندوستان فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستان کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش میں بری طرح ناکام ہوا، حکومت ریاست بھر کے جیلوں میں موجود قیدیوں کی تربیت کیلئے اصلاحات لائے گی، آئین کے مطابق مہاجرین کے پاس ووٹ کا حق موجود ہے، حکومت مہاجرین بھائیوں کو قطعا،فنڈز سے محروم نہیں رکھنا چاہتی، ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آج دنیا مشرق وسطی میں پاکستان کی جانب سے قیام امن کی کوششوں کو سراہ رہی ہے، صدر پاکستان آصف علی زرداری، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، وزیراعظم پاکستان میاں محمدشہبازشریف کی کامیاب سفارت کاری سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا ہے اور معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی سے مقبوضہ جموں وادی کے کشمیریوں کے حوصلے بھی بلند ہوئے ہیں، پاکستان کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا،انشائاللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو بھی ہندوستان سے آزادی ملے گی، وزیراعظم آزاد کشمیر نے ممبر اسمبلی محترمہ نثارہ عباسی کی جانب سے جیلوں میں قیدیوں کو دستیاب سہولیات پر توجہ دلاو نوٹس کے جواب میں کہا کہ یہ معاملہ انتہائی اہم نوعیت کا حامل ہے جو حکومتوں کی عدم توجہی کا شکار رہا ہے، حکومت کا فرض ہے کہ وہ جیلوں کی حالت بہتر کرنے اور قیدیوں کی اصلاحات کیلئے اقدامات اٹھائے، آنے والے دنوں میں جیلوں میں قیدیوں کو دستیاب سہولیات اور قیدیوں کی اصلاح کیلئے عملی اقدامات کریں گے۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ممبر اسمبلی عبدالماجد خان کی جانب سے مہاجرین ممبران اسمبلی کو فنڈز نہ ملنے کے حوالے سے توجہ دلاو نوٹس پر کہا کہ مہاجرین ممبران اسمبلی کا آئین کے مطابق ووٹ کا حق برقرار ہے اور حکومت قطعا اپنے مہاجرین بھائیوں کو فنڈز سے محروم نہیں رکھنا چاہتی، مخصوص حالات کے دوران اتفاق رائے سے کابینہ کے حجم کو کم کیا اگر فاضل رکن چکار وفاقی حکومت سے رعایت لے کر دیں تو ہم مہاجرین ممبران اسمبلی کو کابینہ میں شامل کرنے کیلئے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی حکومت پر یقین رکھتی ہے اور سیاسی کارکنوں کو اعزازی عہدے دے کر عوام کی مایوسیوں کو ختم کر رہی ہے، سابق وزیر اعظم و ممبر اسمبلی راجہ فاروق حیدر خان کے مطالبے پر سینئر موسٹ وزیر میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے مئی میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے لئے قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کا اعلان کیا جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسلمانوں پر ہندوستان کے مظالم کے خلاف جاندار آواز اٹھائی جائے گی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔