لندن ،چوہدری رفیق نئیر کی چوہدری ریاض سے تفصیلی ملاقات، عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا


وزیر اطلاعات و مذہبی امور آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری محمد رفیق نئیر نے سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری محمد ریاض سے تفصیلی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی ہم آہنگی، جمہوری روایات کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور پارٹی دن بدن مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی حقوق کے تحفظ کو اپنی سیاست کا محور بنایا ہے، جس کی بدولت عوام کا اعتماد دوبارہ بحال ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی عوامی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں اقدامات کیے اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔ چوہدری رفیق نئیر کا کہنا تھا کہ آنے والے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی، مضبوط عوامی رابطوں اور واضح منشور کی بنیاد پر بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور دوبارہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان متحد ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں۔ اس موقع پر چوہدری محمد ریاض نے پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی عوامی حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے