جامعہ کراچی کا مستحق طلبہ کے لیے 5 کروڑ روپے کا انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا اعلان

کراچی:جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز میں داخلوں کے فروغ اور مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے مستحق و باصلاحیت طلبہ کی معاونت کے لیے 5 کروڑ روپے کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کردیا۔وائس چانسلر نے بتایا کہ انہوں نے جامعہ کے ڈائریکٹر فنانس کو فنڈ قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ مجموعی رقم میں سے 2 کروڑ روپے آرٹس اینڈ سوشل سائنسز میں داخلوں کے فروغ جبکہ 3 کروڑ روپے مستحق اور میرٹ پر پورا اترنے والے طلبہ کی مالی معاونت کے لیے مختص کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے کسی بھی باصلاحیت طالب علم کو اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے یہ اعلان جامعہ کراچی کے آڈیو ویژول سینٹر میں منعقدہ اسکالرشپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد جامعہ کراچی کے اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس نے یونیورسٹی آف کراچی ایلومنائی ہیوسٹن ایسوسی ایشن، امریکا کے تعاون سے کیا تھا۔پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ تعلیم کا فروغ، انسانی وسائل میں سرمایہ کاری اور اجتماعی کوششیں پائیدار سماجی ترقی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ عزم، حوصلے، محنت اور تعلیم سے وابستگی کے ذریعے مشکلات کا مقابلہ کریں۔وائس چانسلر نے کہا کہ طلبہ کی تعلیمی کامیابی میں والدین، اساتذہ اور معاشرے کا اہم کردار ہوتا ہے اور کامیابی حاصل کرنے کے بعد معاشرے کو واپس دینا بھی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بہتر تنخواہ والی ملازمت چھوڑ کر جامعہ کراچی کی خدمت کا فیصلہ کیا اور وہ جامعہ کا علمی وقار، تعلیمی معیار اور شاندار روایات بحال کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کو صرف ذاتی ترقی یا معاشی کامیابی کا ذریعہ نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ اسے سماجی بہتری اور قومی ترقی کے مؤثر وسیلے کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔ جامعہ کراچی کو تدریس اور تحقیق کا متحرک مرکز بنانے کے ساتھ طلبہ کو معیاری تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔اعلیٰ تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ کے نصاب کو صنعت، تجارت اور کاروباری شعبے کی بدلتی ضروریات کے مطابق ڈھالا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو دورانِ تعلیم عملی تجربہ، پیشہ ورانہ تربیت اور صنعتی و تجارتی اداروں سے روابط کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ عملی زندگی کے تقاضوں کے لیے بہتر طور پر تیار ہوسکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ طلبہ میں کاروباری صلاحیت، جدت اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینے کے لیے ابتدائی طور پر ڈاکٹر محمود حسین لائبریری میں بزنس انکیوبیشن سینٹر قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ مجوزہ مرکز طلبہ کو کاروباری آئیڈیاز تیار کرنے، منصوبہ بندی کرنے اور اپنی تجاویز ممکنہ سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔وائس چانسلر نے غیر نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ سرگرمیاں طلبہ کی شخصیت اور قائدانہ صلاحیتوں کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تعلیم کا مقصد محض ڈگری کا حصول نہیں بلکہ ایسے بااعتماد، باصلاحیت اور تخلیقی نوجوان تیار کرنا ہونا چاہیے جو بہتر روزگار حاصل کرنے، کاروبار قائم کرنے اور ملک کی معاشی و سماجی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل ہوں۔اس سے قبل جامعہ کراچی کے اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس کی انچارج پروفیسر ڈاکٹر اسما حنیف خان نے اسکالرشپس کے لیے طلبہ کے انتخاب کے شفاف طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف شعبہ جات کے 50 مستحق اور باصلاحیت طلبہ میں میرٹ اور مالی ضرورت کی بنیاد پر 21 لاکھ روپے کے اسکالرشپس تقسیم کیے گئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی آف کراچی ایلومنائی ہیوسٹن ایسوسی ایشن، امریکا نے کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے 10 نمایاں طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر مجموعی طور پر 13 لاکھ روپے کے اسکالرشپس بھی دیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف کراچی ایلومنائی ہیوسٹن ایسوسی ایشن کے صدر محمد اعظم اختر نے مستحق طلبہ کی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن 2008 میں ہیوسٹن میں قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد جامعہ کراچی کے ساتھ تعلق برقرار رکھنے اور ضرورت مند طلبہ کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔انہوں نے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ سے کہا کہ وہ اس مالی معاونت کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد اور روشن مستقبل کے لیے حوصلہ افزائی سمجھیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت اور نظم و ضبط کے ساتھ تعلیم جاری رکھیں اور عملی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد دیگر ضرورت مند افراد کی بھی مدد کریں۔تقریب میں فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید، کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے اسٹوڈنٹ ایڈوائزر ڈاکٹر صہیب الزماں، شعبہ ریاضی کے ڈاکٹر محمد ایاز، یو کے اے ایچ اے کراچی چیپٹر کے نمائندے فیروز اقبال سمیت اساتذہ اور دیگر شرکا نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے