مکہ دفاعی اتحاد کے کسی رکن پر حملہ ہوا تو اجتماعی جواب دیا جائے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدہ (MJDA) خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا کوئی جارحانہ مقصد نہیں، تاہم اتحاد کے تینوں رکن ممالک میں سے کسی ایک پر براہِ راست یا بالواسطہ حملہ ہوا تو اس کا اجتماعی جواب دیا جائے گا۔اتوار کو ’انڈیپنڈنٹ عربیہ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اجتماعی دفاعی صلاحیت خطے میں عدم استحکام اور انتشار پیدا کرنے والے عناصر کو واضح پیغام دیتی ہے کہ اگر تینوں ممالک میں سے کسی کے خلاف براہِ راست یا بالواسطہ جنگ مسلط کی گئی تو اس کا جواب اجتماعی طور پر دیا جائے گا۔یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔ سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے مطابق حملوں میں کم از کم 17 افراد جاں بحق اور 333 زخمی ہوچکے ہیں۔حملوں میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت اہم شہری اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ تیل کی تنصیبات بھی متاثر ہوئیں، جس سے فضائی سفر متاثر ہوا اور خطے کی سکیورٹی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا۔پاکستان نے ان حملوں کی متعدد بار مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اسلام آباد نے مقدس مقامات کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے دفاع کے لیے مسلسل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کی سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اجتماعی دفاعی صلاحیت مزید جارحیت کی روک تھام میں مؤثر ثابت ہوگی۔تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ دفاعی بازداریت ناکام ہوئی تو مکہ دفاعی اتحاد کے تینوں رکن ممالک کو دستیاب تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے اسے دوبارہ قائم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی، بالخصوص حرمین شریفین کا تحفظ، پاکستان کے لیے انتہائی اہم اور ناقابلِ سمجھوتہ ہے۔ ان کے مطابق اس مقصد کے لیے جس بھی تعاون کی ضرورت ہوگی، وہ فراہم کیا جا رہا ہے اور آئندہ بھی کیا جاتا رہے گا۔مکہ دفاعی اتحاد سے متعلق سوال پر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر فوجی اتحادوں کی آپریشنل تفصیلات عوام کے سامنے نہیں لائی جاتیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی اتحاد کی آپریشنل صلاحیت، مخصوص تفصیلات اور تعداد سے متعلق معلومات عام نہیں کی جاتیں کیونکہ ان میں آپریشنل رازداری اور ٹیکٹیکل و ذیلی ٹیکٹیکل امور شامل ہوتے ہیں۔حوثیوں کی عسکری پیش قدمی کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں رابطہ اور تعاون موجود ہے، جبکہ فوجی شعبے میں یہ تعاون کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی رابطہ مکہ اتحاد کے قیام سے بھی پہلے سے موجود ہے اور اس وقت بھی جاری ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔سعودی عرب اور بالخصوص مقدس مقامات کو حوثیوں کی جانب سے نشانہ بنانے سے متعلق ردعمل کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سے لے کر فوجی قیادت تک ہر سطح پر اس اقدام پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ذی شعور شخص کے لیے یہ بات قابلِ فہم نہیں کہ سعودی عرب، مقدس مقامات یا حتیٰ کہ ان مقامات کو خطرے میں ڈالنے کا تاثر بھی کیوں پیدا کیا جائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے معاملے پر کسی قسم کے مذاکرات، شرائط یا سمجھوتے کی گنجائش نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے