اسلام آباد اسمارٹ سٹی کی جانب گامزن، شہری خدمات پاک ایپ پر منتقل

وفاقی دارالحکومت کو اسمارٹ اور ڈیجیٹل سٹی بنانے کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے متعدد شہری خدمات پاک ایپ پر منتقل کردی ہیں۔اس اقدام کے تحت شہری موبائل فون کے ذریعے مختلف سرکاری و بلدیاتی خدمات کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کراسکیں گے، ضروری دستاویزات آن لائن فراہم کرنے کے علاوہ درخواستوں کی پیش رفت بھی معلوم کرسکیں گے اور دستیاب ڈیجیٹل ذرائع سے ادائیگیاں بھی کی جاسکیں گی۔سی ڈی اے نے پراپرٹی ٹیکس اور پانی کے بلوں کی ڈیجیٹل وصولی کا عمل بھی شروع کردیا ہے، جس سے شہریوں کو نقد ادائیگی اور متعلقہ دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔پاک ایپ پر اشتہارات اور اوپن اسپیس کی اجازت، پارکنگ پرمٹس، جنریٹر لائسنس، میونسپل منظوریوں، پراپرٹی ٹیکس، پانی کے بلوں سمیت دیگر شہری خدمات بھی مرحلہ وار دستیاب ہوں گی۔نظام کے ذریعے شہری اپنی شکایات آن لائن درج کرانے اور ان کی پیش رفت معلوم کرنے کے قابل ہوں گے، جبکہ درخواستوں، منظوریوں اور ادائیگیوں کا باقاعدہ ڈیجیٹل ریکارڈ بھی محفوظ کیا جائے گا۔سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے شہریوں کا وقت اور اخراجات بچانے کے ساتھ سرکاری خدمات کی فراہمی میں شفافیت، مؤثریت اور جوابدہی بہتر ہوگی۔ یہ اقدام اسلام آباد کو جدید، اسمارٹ اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے والے دارالحکومت میں تبدیل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے