جے یو آئی سے معاملات طے، پی ٹی آئی کا فیصلہ کن لانگ مارچ کا اعلان


وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع اللہ جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان بعض معاملات طے پاچکے ہیں جبکہ باقی امور پر ملاقاتیں اور مشاورت جاری ہے۔ ان کے مطابق آئندہ لانگ مارچ میں تمام جماعتیں شامل ہوں گی اور اس بار احتجاج فیصلہ کن ہوگا۔پروگرام ’سینٹر اسٹیج‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع اللہ جان نے کہا کہ جے یو آئی کے ساتھ مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور اس حوالے سے جلد مزید خبریں سامنے آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض معاملات پر اتفاق ہوچکا ہے جبکہ باقی معاملات کے لیے بات چیت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد بن چکا ہے اور اس اتحاد کی تشکیل پی ٹی آئی کی بڑی کامیابی ہے۔ اب کوشش ہے کہ اس اتحاد کو سڑکوں پر بھی متحرک کیا جائے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس بار پی ٹی آئی کا احتجاج فیصلہ کن ہوگا اور پارٹی ہر صورت اسلام آباد میں داخل ہوگی۔ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں اسلام آباد سے واپس نہ جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام کارکن اسلام آباد نہیں جائیں گے اور اس حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ شفیع اللہ جان کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران پارٹی نے کوئی باضابطہ احتجاجی کال نہیں دی بلکہ قانونی راستے اختیار کیے، لیکن کہیں سے شنوائی نہ ہونے کے بعد احتجاج کو آخری آپشن کے طور پر اختیار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو معلوم تھا کہ لانگ مارچ کی تاریخ قریب آنے پر نئے مقدمات درج کیے جائیں گے، اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاج کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔نئے صوبوں کے حوالے سے سوال پر شفیع اللہ جان نے کہا کہ نئے الیکشن کمیشن کے تحت انتخابات ہونے چاہئیں اور نئی حکومت تشکیل پانے کے بعد نئے صوبوں کے معاملے پر بات کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی جو فیصلہ کریں گے، وہی ان کی جماعت کا بھی فیصلہ ہوگا۔وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں وفاقی حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے اور حکومت سے دو اسپتال تک نہیں سنبھالے جارہے۔شفیع اللہ جان نے کہا کہ پی ٹی آئی ہر اس سیاسی قوت سے بات کرنے کے لیے تیار ہے جو موجودہ حکومت سے چھٹکارا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق مذہبی جماعتوں کے علاوہ خیبر پختونخوا کی علاقائی جماعتوں سے بھی رابطے کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس بھی آن بورڈ ہیں اور تمام جماعتیں لانگ مارچ کا حصہ بنیں گی۔وزیر اطلاعات کے مطابق لانگ مارچ کی تیاریاں جاری ہیں۔ پی ٹی آئی قیادت سندھ کا دورہ کرچکی ہے، جہاں ہر جگہ بانی پی ٹی آئی کی بات ہورہی تھی، جبکہ اگلے ہفتے پنجاب کا دورہ کیا جائے گا اور اس کے بعد بلوچستان جائیں گے۔شفیع اللہ جان نے کہا کہ اس بار کا لانگ مارچ تاریخ ساز اور فیصلہ کن ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے