ڈیجیٹل میڈیا ترقی کے ساتھ نئےچیلنجز بھی لا رہا ہے ،صبحین غوری
کراچی: وزارت اطلاعات و ٹیلی کمیونیکیشن کی پارلیمانی سیکریٹری اور رکن قومی اسمبلی انجینئر صبحین غوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا تیزی سے وسعت اختیار کر رہا ہے، تاہم اس کے ساتھ متعدد چیلنجز بھی سامنے آ رہے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے صحافتی معیار اور عوامی اعتماد برقرار رکھنا ضروری ہے۔کراچی میں اوپن وائسز کانفرنس کا انعقاد پاکستان-امریکہ المنائی نیٹ ورک کے تعاون سے کیا گیا، جس میں صحافیوں، میڈیا ماہرین، ڈیجیٹل انوویٹرز اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔کانفرنس میں میڈیا کے بدلتے ہوئے منظرنامے، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل صحافت، میڈیا انٹرپرینیورشپ اور معتبر معلومات کے فروغ سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔تقریب سے گلوبل نیبرہڈ فار میڈیا انوویشن کی صدر ناجیہ اشعر، امریکی قونصل جنرل کراچی کی المنائی مینیجر فارحہ فاطمہ اور وزارت آئی ٹی کی پارلیمانی سیکریٹری انجینئر صبحین غوری نے خطاب کیا۔سینئر صحافی مظہر عباس، عافیہ سلام، وسعت اللہ خان اور دیگر نے پینل ڈسکشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر صحافت میں مصنوعی ذہانت اور دیگر ڈیجیٹل ٹولز کے بڑھتے ہوئے استعمال، صحافتی معیار برقرار رکھنے اور عوامی اعتماد کو یقینی بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کانفرنس کے دوران ڈیجیٹل مواد کی اسکریننگ بھی کی گئی، جبکہ سوال و جواب کے سیشن میں شرکا نے میڈیا، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل جدت سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی۔انجینئر صبحین غوری نے پاکستان کے تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے ڈیجیٹل منظرنامے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا اور معلوماتی پلیٹ فارمز نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں، تاہم ان کے ساتھ مختلف چیلنجز بھی سامنے آ رہے ہیں۔