سرفراز اور عمر گل کی چھٹی؟ پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیاں شروع کردیں
لندن:انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیسٹ ٹیم کی مینجمنٹ میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا۔لندن میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دورۂ انگلینڈ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث موجودہ ٹیسٹ ٹیم کی مینجمنٹ میں بھی تبدیلی متوقع ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو وطن واپسی پر عہدوں سے فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کی جگہ مائیک ہیسن کو مستقل طور پر ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے، جبکہ عمر گل کی جگہ ایشلے نوفکے کو نیا بولنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب پی سی بی نے محمد رضوان، امام الحق اور سلمان علی آغاکو بھی فوری طور پر وطن واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔سرفراز احمد کی کوچنگ میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم نے مجموعی طور پر6 میچز کھیلے، جن میں صرف ایک کامیابی حاصل ہوئی جبکہ 5 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان شکستوں میں بنگلہ دیش کے خلاف اوے سیریز میں وائٹ واش بھی شامل ہے۔