پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مشترکہ دفاعی معاہدہ، پہلا اجلاس کل استنبول میں ہوگا

استنبول:پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلا اجلاس کل استنبول میں ہوگا، جس میں معاہدے کے خدوخال اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں شرکت کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سرکاری مصروفیات کے سلسلے میں استنبول پہنچے، جہاں ترکیہ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے انتظامی امور بریگیڈیئر جنرل شنول وارول، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، ترک وزارت خارجہ کے سفیر جیہاد ایرگینے اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔استنبول پہنچنے کے بعد اسحاق ڈار نے حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کی سلامتی، امن و خوش حالی کے لیے دعا کی، جبکہ امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اپنے دورۂ ترکیہ کے دوران اہم ملاقاتیں اور دیگر سرکاری مصروفیات انجام دیں گے۔دوسری جانب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔ وہ اپنے دورے کے دوران اہم ملاقاتیں کریں گے۔پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد استنبول میں ہونے والا یہ پہلا اجلاس تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے