میری لینڈ قتل کیس: مطلوب بھارتی شہری ارجن شرما 8 ماہ بعد بھارت سے گرفتار


امریکی ریاست میری لینڈ میں نئے سال کی رات قتل ہونے والی بھارتی نژاد 27 سالہ نکھیتا گوڈیشالا کے قتل میں مطلوب شخص ارجن شرما کو تقریباً آٹھ ماہ بعد بھارت سے گرفتار کرلیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نکھیتا گوڈیشالا میری لینڈ کے شہر ایلی کوٹ سٹی میں مقیم تھیں اور انہیں 2 جنوری 2026ء کو لاپتا قرار دیا گیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے ان کی لاش میری لینڈ کے ایک اپارٹمنٹ سے برآمد کی۔ ان کے جسم پر چاقو کے متعدد زخم پائے گئے تھے۔تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر امریکی پولیس نے نکھیتا کے 26 سالہ سابق بوائے فرینڈ ارجن شرما کو قتل کا مرکزی ملزم قرار دیا۔ پولیس کے مطابق دونوں روم میٹ بھی تھے، تاہم نکھیتا کے والد آنند گوڈیشالا نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں صرف روم میٹ تھے اور انہیں شبہ ہے کہ قتل کی وجہ مالی تنازع ہوسکتا ہے۔اہل خانہ کے مطابق ارجن شرما نے گزشتہ برس اگست یا ستمبر میں ملازمت سے محروم ہونے کے بعد نکھیتا اور ان کے خاندان سے رقم ادھار لی تھی۔ خاندان کا کہنا ہے کہ نکھیتا کی موت سے قبل بھی ارجن شرما کے ذمے رقم واجب الادا تھی، جبکہ امریکا میں دیگر افراد کے ساتھ بھی اس کے مالی معاملات خراب تھے۔امریکی پولیس نے ارجن شرما کے خلاف فرسٹ اور سیکنڈ ڈگری قتل کے الزامات میں گرفتاری کا وارنٹ حاصل کیا تھا۔ امریکی حکام کا الزام ہے کہ نکھیتا کو قتل کرنے کے بعد شرما امریکا سے فرار ہوکر بھارت چلا گیا تھا۔دوسری جانب بھارتی پولیس کے مطابق ارجن شرما کے خلاف اپریل 2026ء میں تلنگانہ میں دھوکا دہی کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ پولیس کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ شرما نے نکھیتا سے رقم لینے کے بعد مبینہ طور پر واپس نہیں کی۔تحقیقات کے دوران ملنے والے شواہد کی بنیاد پر بھارتی پولیس نے آگرہ کے ایک فلیٹ پر چھاپہ مارا، جہاں سے ارجن شرما کو دھوکا دہی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔یہ مقدمہ نکھیتا کے والد آنند گوڈیشالا کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد بھارتی پولیس نے امریکی قتل کیس سے متعلق معلومات مرکزی حکام کو فراہم کردیں، کیونکہ شرما کے خلاف امریکا میں پہلے ہی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکا تھا۔بعد ازاں مرکزی ایجنسیوں نے ارجن شرما کو نئی دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں پیش کیا، جہاں 25 اگست کو عدالت نے اسے قتل کے مقدمے میں عدالتی تحویل میں دے دیا۔میری لینڈ کے ہاورڈ کاؤنٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ نے بھی تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی حکام نے ارجن شرما کی بھارت میں گرفتاری سے متعلق انہیں آگاہ کردیا ہے۔امریکی حکام کو توقع ہے کہ ارجن شرما کو مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے امریکا کے حوالے کیا جائے گا، تاہم حوالگی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی ٹائم لائن سامنے نہیں آئی۔نکھیتا گوڈیشالا تقریباً چار سال سے امریکا میں مقیم تھیں اور وہاں ڈیٹا و اسٹریٹیجی اینالسٹ کے طور پر کام کررہی تھیں۔ حیدرآباد میں مقیم ان کے اہل خانہ نے ارجن شرما کی گرفتاری کو کیس میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے