ریجنل پاسپورٹ آفس گوجرانوالہ4بجے بند عملہ غائب ،محسن نقوی نے کارروائی کا حکم دے دیا
گوجرانوالہ:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا جہاں دفتر کی مبینہ ناقص صورتحال اور مقررہ وقت سے قبل بندش پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق محسن نقوی کے دورے کے وقت ریجنل پاسپورٹ آفس میں مقررہ وقت سے پہلے ہی چھٹی کا سماں تھا۔ دفتر مبینہ طور پر شام 4 بجے بند کر دیا گیا تھا، عملہ غائب تھا جبکہ شہریوں کو دفتر میں داخل ہونے کے بجائے باہر سے ہی واپس بھیجے جانے کی اطلاعات تھیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے استفسار کیا کہ جب دفتر کا مقررہ وقت ساڑھے چار بجے تک ہے تو اسے 4 بجے ہی کیوں بند کردیا گیا۔ دفتر میں موجود واحد اسٹاف رکن وزیر داخلہ کے سوالات کا جواب نہ دے سکا۔محسن نقوی نے صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفتر بند کرکے صفائیاں کی جا رہی ہیں جبکہ شہریوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی سہولت کے لیے قائم دفاتر اس طرح نہیں چل سکتے۔وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری فرائض میں غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔بعد ازاں محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں 24/7 میگا نادرا سینٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں پاسپورٹ آفس کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔رپورٹ کے مطابق شہریوں نے نادرا میگا سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو شہریوں کی رہنمائی اور انہیں تمام ضروری معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی، جبکہ شہریوں کی شکایات کا موقع پر نوٹس لیتے ہوئے فوری ازالے کے احکامات بھی جاری کیے۔اس سے قبل لاہور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے زونل آفس میں محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں ایف آئی اے کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں وزیر داخلہ نے ایف آئی اے افسران کو انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا کے خلاف کارروائی تیز کرنے اور ان کے پورے نیٹ ورک کو قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں اصولی فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کاؤنٹرز کے پرانے کیمرے تبدیل کیے جائیں گے، جبکہ شکایات کے اندراج کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔