اربوں کی سڑکیں کیوں کھودی گئیں؟ آئی جی آزاد کشمیر نے اہم انکشاف کردیا
آئی جی آزاد جموں و کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے الزام عائد کیا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر نے اربوں روپے مالیت سے تعمیر کی گئی سڑکیں کھود کر تباہ کیں، جبکہ درخت کاٹ کر لکڑی ٹمبر مافیا کے حوالے کی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی آزاد کشمیر نے کالعدم ایکشن کمیٹی پر احتجاج کی آڑ میں سرکاری و عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کے عناصر نے اربوں روپے سے تعمیر ہونے والی سڑکوں کو نقصان پہنچایا اور درخت کاٹ کر ٹمبر مافیا کو فروخت کیے۔کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی کے اپنے کارندے بازاروں اور مارکیٹوں کی بندش کی بات کرتے رہے، جبکہ احتجاج کے باعث علاقے میں سیاحت اور تعلیم بھی متاثر ہوئی۔آئی جی آزاد کشمیر نے کہا کہ فورسز کے جوان مظاہرین کے ہاتھوں شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے، تاہم فورسز نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کا جواب نہیں دیا۔ ان کے بقول بعض شرپسند عناصر خواتین کو ڈھال بنا کر فورسز پر فائرنگ کرتے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ جدید اور ممنوعہ ہتھیاروں، جن میں ایم 4 اور ایم 7 شامل ہیں، سے لیس افراد کس طرح پرامن احتجاج کا حصہ قرار دیے جا سکتے ہیں۔کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے مزید کہا کہ لوگوں کا روزگار متاثر کرنا، بے گناہ افراد کو قتل و اغوا کرنا اور فورسز کی پوسٹوں پر گرینیڈ حملے کرنا کسی بھی صورت پرامن احتجاج کے زمرے میں نہیں آتا۔