پیپلزپارٹی نے ہمیشہ خواتین کو ان کا جائز مقام دیا ،وزیر اعظم آزاد کشمیر
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ خواتین کو ان کا جائز مقام دیا اور انہیں قومی سیاست میں باوقار نمائندگی دی۔ شہید بینظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، جو خواتین کی سیاسی جدوجہد، جمہوری سوچ اور عوامی خدمت کی روشن مثال ہیں۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے، ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔ کشمیری خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعزازی کوآرڈینیٹر ہمراہ وزیراعظم نسیم میر کی قیادت میں ملنے والے خواتین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے محترمہ نسیم میر کی بطور کوآرڈینیٹر ہمراہ وزیراعظم تعیناتی پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی جی سیاسی امور عامر ذیشان جرال اور مرتضیٰ درانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہر شعبے میں کشمیری خواتین نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ کشمیری خواتین باصلاحیت، بااعتماد اور باوقار انداز میں قومی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔کشمیری خواتین کی کامیابیاں نئی نسل کے لیے حوصلے اور رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور آزادکشمیر کی خواتین بھی مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی شعور کی بیداری اور جمہوری اقدار کے فروغ میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہے۔